بنگلورو،3؍اپریل(ایس او نیوز) بی جے پی اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست 10/اپریل کو جاری کرے گی، جس میں 140/ اُمیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس بات کی اطلاع کرناٹک کے بی جے پی صدر اور ریاست کے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے دی۔
یڈی یورپا نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی وزیر اور ریاست میں انتخابات کے انچارج پرکاش جاؤڈیکر ، پیوش گوئل ، ریاست میں بی جے پی امور کے انچارج مرلی دھر راؤ ، مرکزی وزراء اننت کمار ، سدانند گوڈا اور دیگر لیڈروں کی منظوری کے بعد امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دے دی جائے گی جس کے فوری بعدپہلی فہرست جاری کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سبھی موجودہ اراکین اسمبلی سمیت دیگر پارٹیوں سے شامل ہونے والے لیڈروں کو بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل کیاگیا ہے۔ اعلیٰ کمان کی طرف سے 140 ناموں کو منظوری ملنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان امیدواروں کے نام پہلے ہی مرکزی الیکشن کمیٹی کو روانہ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے سبھی موجودہ اراکین اسمبلی کو چھوڑ کر باقی تمام حلقوں سے دو یا تین ناموں کا پینل اعلیٰ کمان کو روانہ کیا گیا ہے۔ اعلیٰ کمان جن ناموں کو منظوری دے گا انہیں میدان میں اتارا جائے گا۔ یڈیورپا نے اشارہ دیا کہ بی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست میں چند حیرت انگیز نام بھی سامنے آسکتے ہیں۔ پچھلے تین چار انتخابات میں ایک ہی حلقے منتخب ہوتے آرہے بعض اراکین اسمبلی کے حلقوں کی تبدیلی بھی ممکن ہے، ان میں پدمانابھا نگر، راجہ جی نگر، داسر ہلی اور سی وی رامن نگر حلقے شامل ہیں۔ خاص طور پر سابق وزیر داخلہ آر اشوک سے کہا گیا ہے کہ وہ داسر ہلی اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑیں ۔ اسی طرح داسر ہلی کے رکن اسمبلی منی راجو سے کہاگیا ہے کہ وہ کسی اور حلقے سے انتخاب لڑے۔ اس دوران بی جے پی کی مرکزی قیادت نے اسمبلی انتخابات میں صرف دو اراکین پارلیمان کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، ایک یڈیورپا اور دوسرے بی سری راملو ان کے علاوہ پارٹی نے کسی بھی رکن پارلیمان کو میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔